لاڑکانہ : پاکستان کرکٹ بورڈ کیجانب سے لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے شاہنواز دھانی کو ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلیے قومی ٹیم کا حصہ بنا لیا گیا ہے جس پر شاہنواز کے اہلخانہ بے حد خوش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ چھ ( پی ایس ایل ) سے شہرت پانے والے شاہنواز دھانی پاکستان کرکٹ کی ٹیسٹ ٹیم ک ا حصہ بن گئے ہیں ، لاڑکانہ کے شاہنواز دھانی اپنے پہلے پی ایس ایل میں ملتان سلطان کی ایمرجنگ کیٹیگری کا حصہ بنے اور اپنی کارکردگی سے شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنے تھے ۔
اب پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کیجانب سے شاہنواز کو ساؤتھ افریقہ اور زمبابوے کےساتھ کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز کیلیے قومی ٹیم کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
شاہنواز دھانی نے کامرس کالج لاڑکانہ سے اپنی گریجوئیشن مکمل کی لیکن انکی زیادہ دلچسپی کا مرکز صرف کرکٹ تھی۔شاہنواز ڈھانی کے والد کے انتقال کے بعد انکے ماموں نے انکی دیکھ بھال کرنے سمیت انہیں کرکٹ کھیلنے کیلیے ہر ممکن مدد فراہم کی ۔
ساہنواز دھانی لاڑکانہ کی تاریخ کے پہلے کرکٹر ہیں جو کہ قومی ٹیم کا حصہ بن کر بین القوامی سطح پر کھیلیں گے اہلخانہ کا کہنا ہے بھٹو خاندان کی طرح شاہنواز بھی پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں لاڑکانہ کی پہچان بنیں گے۔
شاہنواز دھانی محنتی، جفاکش نوجوان ہونے کے ساتھ ملنسار اور ایک سادہ طبعیت شخصیت کے مالک ہیں، یہی وجہ ہے کہ نہ صرف انکے اہلخانہ بلکہ پورا شہر دعاگو ہے کہ شاہنواز دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بنیں گے ۔
( زین عاشق پٹھان نیو نیوز لاڑکانہ)