اسلام آباد :وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرونا کے بین الاقوامی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے حکومت نے عوام کے مفاد، تحفظ اور سلامتی کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ ایک ہو کر اس وائرس کو شکست دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مشکل وقت ہے،لیکن ہماری قوم ہر آزمائش میں سرخرو ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کرونا وائرس کے تدارک کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عوام لازمی عمل کریں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ معاشی طور پر مستحکم اور شعبہ طب میں بہتر نتائج رکھنے والی اقوام نے بھی احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کرونا سے بچاؤ کیلئے ہمارے بروقت اقدامات کی گواہی ڈبلیو ایچ او بھی دے رہا ہے۔