کرونا سے دنیا بھر میں 5 ہزار 840 ہلاکتیں، سائنسدانوں کو وائرس کی اینٹی باڈی مل گئی

12:33 PM, 15 Mar, 2020

نیویارک: کرونا وائرس نے 152 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، دنیا بھر میں مرنے والوں کی تعداد 5 ہزار 8 سو چالیس ہو گئی، اٹلی کے بعد فرانس اور اسپین میں بھی سخت پابندیاں عائد کر دی گئیں، عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے 24 گھنٹوں میں چین سے باہر دس ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خطرناک وائرس یورپ میں تیزی سے پھیل رہا ہے، اٹلی میں چین کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔ یورپ کے مختلف ممالک میں ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔فرانس اور سپین میں کاروباری مراکز اور ریسٹورنٹ بند کر دیئے گئے، حکام نے عوام کو ضروری اشیا خریدنے کے علاوہ گھروں سے باہر نکلنے سے روک دیا۔

یورپ میں سٹورز پر رش بڑھ گیا، جگہ جگہ جھگڑے دیکھنے میں آئے، برطانیہ، اسپین، فرانس، پولینڈ میں لوگوں کو اشیا کی قلت کا سامنا کرنا پڑا، اٹلی میں بھی گلیاں اور سڑکیں ویران ہو گئی ہیں۔وائٹ ہاوس نے صدر ٹرمپ کی رپورٹ منفی آنے کی تصدیق کر دی، واشنگٹن کے معروف میوزیم کو بند کر دیا گیا، امریکا نے برطانیہ اورآئرلینڈ پربھی سفری پابندیاں عائد کر دیں۔

ایران میں مزید 97 افراد جان سے گئے، سعودی عرب میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 103 ہو گئی۔ برطانیہ میں ایک ہی دن میں دس افراد ہلاک ہوئے، اٹلی میں مزید 175 ہلاکتیں ہوئیں، فرانس میں 91 اموات، اسپین میں مزید 63 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

کولمبیا نے قرنطینہ کے اصول توڑنے پر چار یورپی سیاحوں کو ملک بدر کر دیا، کرونا وائرس سے لڑنے کیلئے ڈچ سائنس دانوں کو اینٹی باڈی مل گئی، انسانوں پرٹیسٹ کے لیے مزید وقت لگ سکتا ہے۔ سائنسدان میڈیسن کی تیاری کے لیے دوا ساز کمپنی کو قائل کریں گے۔

مزیدخبریں