امریکی صدر کرونا وائرس سے محفوظ، طبی معائنے کی رپورٹ جاری

امریکی صدر کرونا وائرس سے محفوظ، طبی معائنے کی رپورٹ جاری

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کرونا وائرس کے حوالے سے کیے گئے طبی معائنے کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کرونا وائرس سے محفوظ ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں برازیل کے ایک وفد کی ملاقات کے بعد یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کرونا وائرس کا شکار ہوسکتے ہیں۔ اس حوالے سے صدر ٹرمپ نے خود وضاحت کی تھی وہ برازیلی وفد سے ملاقات پرفکر مند نہیں۔ انہیں یقین ہے کہ وہ کرونا جیسی وباءسے محفوظ ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاﺅس نے کہا کہ ڈاکٹر شام کونلے نے کہاکہ صدر ٹرمپ کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ آچکی ہے۔ رپورٹ میں کرونا وائرس ٹیسٹ منفی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برازیل کے وفد کے ساتھ فلوریڈا میں عشائیہ کے ایک ہفتے بعد کرونا کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔

ٹرمپ نے اس سے قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر طبی معائنہ کروائیں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں کرونا اموات کی تعداد 50 تک پہنچ گئی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اموات میں اضافہ نہیں ہوگا۔ صدر ٹرمپ نے وائرس کے پھیلاؤ کے لیے چین کو ذمہ دار ٹھہرایا۔