کرائسٹ چرچ:نیوزی لینڈ میں دہشتگردوں نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں آنے والوں کو نشانہ بنایا اور وہاں موجود بنگلادیشی کھلاڑی واقعے میں محفوظ رہے جس کے بعد کرکٹرز کے بیانات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
دہشت گرد حملے میں محفوظ رہنے والے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشفق الرحیم نے کہا کہ کرائسٹ چرچ کی مسجد میں فائرنگ کے دوران اللہ کا شکر ہے کہ اس نے انہیں محفوظ رکھا، ہم بہت خوش قسمت ہیں اور دوبارہ اس طرح کی واقعہ دیکھنا نہیں چاہتے۔ ایک اور خوش قسمت بنگلادیشی کرکٹر تمیم اقبال نے بھی ٹوئٹ کی اور کہا کہ پوری ٹیم حملے میں محفوظ رہی، خوفناک تجربہ تھا، براہ مہربانی ہمیں اپنی دعاﺅں میں یاد رکھیں۔کپتان تمیم اقبال کا کہنا تھا کہ بھاگ کر جان بچائی، تمام کرکٹرز خیریت سے ہیں۔
بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ نے بھی تمام کھلاڑیوں کے محفوظ ہونے کی تصدیق کی ہے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ میری سوچ اور دعائیں شہدا اور ان کی فیملیز کے ساتھ ہیں۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں سرفرازاحمد نے کہا کہ مجموعی طور پر انسانیت کےلئے بہت بڑا نقصان ہے، یہ عبادت کی جگہ جگہ تھی جس میں ناحق خون بہایا گیا،اللہ تعالی کا شکر ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اس سانحہ سے محفوظ رہی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ کرائسٹ چرچ میں المناک واقعہ پیش آیا، میں نے نیوزی لینڈ کو محفوظ ترین، پرامن اور دوستانہ ملک پایا۔شاہد آفریدی نے مزید کہا واقعے کے بعد تمیم اقبال سے بات کی اور بنگلادیشی کرکٹرز کے محفوظ رہنے پر اطمینان محسوس کر رہا ہوں، نفرتوں کو ختم کرتے ہوئے دنیا کو ایک ساتھ مل کر رہنا چاہیے، دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہے۔
سابق پاکستان فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ کرائسٹ چرچ کی مسجد کے اندر فائرنگ کی ویڈیو دیکھ کر دھچکا لگا، کیا ہم عبادت گاہوں میں بھی محفوظ نہیں ہیں؟ دہشتگرد حملے کی مذمت کرتا ہوں، خوشی ہے کہ بنگلادیشی کرکٹرز محفوظ رہے۔
سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکار نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ کرائسٹ چرچ میں فائرنگ کا سن کر دھچکا لگا، میری تمام ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔سابق سری لنکن کرکٹر مہیلا جے وردھنے نے کہا کہ کرائسٹ چرچ میں جو کچھ ہوا اس پر بہت افسوس ہے، میری دعائیں متاثرین اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔