کراچی :اداکارہ مہوش حیات کو تمغہ امتیاز دینے کے اعلان پر شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے میرٹ سے ہٹ کر ملک کاسب سے بڑاسول اعزاز دینے کے فیصلے پر حکومت کی تبدیلی مہم کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
ایک طرف جہاں سول ایوارڈ کی جیوری پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں وہیں مختصر عرصہ میں محض آئٹم سانگ، ٹی وی کمرشل اور چند ڈرامے کرنے کے سوا کوئی قابل ذکر کام نہ کرنے والی اداکارہ کو سول ایوارڈ دینے کے اعلان نے ملک بھر کی فنکار برادری کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
اس حوالے سے جہاں سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان سے معاملے کا جائزہ لینے کی اپیل کی جارہی ہے وہیں کراچی سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ایک اہم رہنما سے اداکارہ کے رابطوں کا بھی تذکرہ ہورہا ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ سوال اٹھایا جارہا ہے کہ آخر مہوش حیات نے ایسی کون سی خدمات سرانجام دی ہیں جس کے لئے انہیں تمغہ امتیاز دینے کا اعلان کیا گیاہے۔
واضح رہے کہ اس بار یوم پاکستان کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی127 شخصیات کو سول ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے جن میں مہوش حیات شامل ہیں۔