میگا منی لانڈرنگ کیس، مقدمے کو اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم

11:41 AM, 15 Mar, 2019

کراچی: بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانتیں واپس لیتے ہوئے مقدمے کو اسلام آباد منتقل کر دیا۔

کراچی کی بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے جمعہ کے روز سنایا گیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں میگا منی لانڈرنگ کے کیس کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دیا جب کہ عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتیں واپس لیتے ہوئے تمام ملزمان کی زر ضمانت بھی خارج کرنے کا حکم دیا۔

دوسری جانب آصف زرداری کیس کے سلسلے میں بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے اور اپنی آخری حاضری لگائی۔

اس موقع پر صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ آپ کا کیس اسلام آباد منتقل ہو گیا ہے اس پر کیا کہیں گے۔ اس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ کیس ٹرانسفر ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور نے بینکنگ کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور فیصلے کے خلاف ایک دو روز میں ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

مزیدخبریں