کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں دو مسجد پر فائرنگ کے واقعے میں 40 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مسجد میں موجود بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محفوظ رہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کرائسٹ چرچ کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے وقت مسلح شخص داخل ہوا اور خود کار ہتھیار سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے مسجد میں موجود 40 افراد شہید ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسجد میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی بھی موجود تھے جو اس واقعے میں محفوظ رہے۔
بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال نے اس واقعے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں خوش قسمتی سے ہم تمام کھلاڑی محفوظ رہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
Entire team got saved from active shooters!!! Frightening experience and please keep us in your prayers #christchurchMosqueAttack
— Tamim Iqbal Khan (@TamimOfficial28) March 15, 2019
دوسری جانب ایک اور بنگلہ دیشی کھلاڑی مشفق الرحیم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ کرائسٹ چرچ کی مسجد میں پیش آئے فائرنگ کے دلخراش واقعے میں خوش قسمتی سے ہم تمام کھلاڑی محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ ہم سب کی حفاظت فرمائے اور آئندہ کبھی ایسی صورتحال کا دوبارہ سامنا نہ ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے عوام سے دعا کی اپیل بھی کی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد کو گولیاں لگی ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔