اسلام آباد: نو منتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی چیئرمین شپ خطرے میں پڑ گئی، ان کے انتخاب کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق درخواست گزار نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نومنتخب چیئرمین سینیٹ کی عمر 45 سال سے کم ہے اسلیے وہ پاکستانی آئین کے تحت قائم مقام صدر نہیں بن سکتا کیونکہ اس کیلئے 45 سال عمر ہونا بہت ضروری ہے۔
درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ کے چیئرمین کی نشست کو خالی قرار دے کر دوبارہ انتخاب کا حکم دیا جائے۔
آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت صدر مملکت کےعہدے کے لیے کسی بھی شخص کی کم سے کم عمر 45 سال ہونی چاہیے جبکہ نومنتخب چیئرمین سینیٹ کے کاغذات نامزدگی میں صادق سنجرانی کی تاریخ پیدائش 14 اپریل 1978 درج ہے، اس طرح قائم مقام صدر بننے کے لیے صادق سنجرانی کی عمر 5 سال کم ہے۔
آرٹیکل 49 کی شق 2 کے تحت صدر کی غیر موجودگی میں چئیرمین سینٹ قائم مقام صدر کی حیثیت سے کام کریں گے اور اگر وہ بھی ایسا کرنے سے قاصر ہیں تو اسپیکر قومی اسمبلی قائم مقام صدر ہوں گے۔