کراچی: چیئرمین سینیٹ کے بعد اب اپوزیشن لیڈر کیلئے جوڑتوڑ شروع ہو گیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کی قیادت میں وفد نے کراچی میں ایم کیوایم کے مرکز بہادر آباد کا دورہ کیا جہاں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔
مزید پڑھیں: سفارتکاروں کو ہراساں کیے جانے کا معاملہ، نئی دلی سے ہائی کمشنر مشاورت کیلئے طلب
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم نہیں چاہتی کہ پیپلزپارٹی کو سینیٹ میں ووٹ دیں لہٰذا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پیپلزپارٹی کی نامزد کردہ شیری رحمان کو ووٹ نہیں دیں گے۔ فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام سینیٹر اپوزیشن لیڈر کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔
ایم کیوایم کے دونوں دھڑوں کی ثالثی سے متعلق سوال پر فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ فاروق ستار سے ملنے کے لیے کسی ثالثی کی ضرورت نہیں یہ انہی کا دفتر ہے۔ ہماری خواہش رہتی ہے وہ یہاں تشریف لائیں اور ہم میڈیا کے توسط کے بجائے خود آپس میں بات کریں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: توہین عدالت کیس، طلال چودھری پر فرد جرم عائد کر دی گئی
اس موقع گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیو ایم سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی حمایت کی درخواست کی ہے۔ خواہش ہے کہ ایم کیو ایم ہماری بات تسلیم کرے گی اور ہم نے پی پی کی لوٹ کھسوٹ کو روکنا ہے اور آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے اپنے امیدوار کا باضابطہ اعلان کل کرے گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں