2017 میں قومی ایئر لائن کو 43 ارب 65 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا

12:20 PM, 15 Mar, 2018

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان ایئر لائن میں خسارے کی تفصیلات ایوان میں پیش کر دی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پی آئی اے میں خسارے کی تفصیلات اور وزیر انچارج ہوا بازی ڈویژن کا تحریری جواب ایوان میں پیش کیا گیا۔

تحریری جواب کے مطابق 2017 میں قومی ایئر لائن کو 43 ارب 65 کروڑ روپے خسارہ ہوا جب کہ 2013 میں 42 ارب 98 کروڑ اور 2012 میں 29 ارب 76 کروڑ روپے خسارے کا سامنا رہا۔

ہوا بازی ڈویژن کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق قومی ایئر لائن کو سال 2011 میں 28 ارب 3 کروڑ، 2010 میں 8 ارب 58 کروڑ، 2009 میں 13 ارب 31 کروڑ اور 2008 میں 39 ارب 98 کروڑ روپے خسارہ ہوا۔ 

واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کے لئے کئی مرتبہ کوشش کی گئی تاہم اپوزیشن اور محکمے کی یونین کے شدید ردعمل پر اس معاملے کو پس پشت ڈالا جاتا رہا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں