واشنگٹن: امریکا کے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ وٹامن بی کا استعمال آلودگی کے جسم پر اثرات کا ازالہ کر سکتا ہے۔کولمبیا اور ہاورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق وٹامن بی کی تھوڑی مقدار کا باقاعدہ استعمال فضائی آلودگی سے ہونے والے جسمانی اثرات کو زائل کرسکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کے اکثر شہروں کی فضا آلودگی سے بوجھل ہوچکی ہے اور دنیا کے 92 فیصد شہر کی ہوا آلودگی کے مقررہ معیارات سے تجاوز کرچکی ہے۔
ان میں سلفیٹ اور سیاہ کاربن سب سے ذیادہ خطرناک تصور کی جاتی ہے جو پھیپھڑوں سے لے کر امراضِ قلب کی وجہ بن سکتے ہیں، فضا میں شامل زہریلے مرکبات زندگی کو کم کرنے کا سبب بھی بنتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق فضا میں موجود آلودگی کے وہ باریک ذرات جو 2.5 مائیکرومیٹر سے چھوٹے ہوتے ہیں وہ انسانوں کے لیے سب سے زیادہ خطرناک ہوتے ہیں اور انہیں پی ایم 2.5 بھی کہا جاتا ہے، یہ مرکبات گاڑیوں کے ایندھن جلنے اور لکڑی جلنے سے پیدا ہوتے ہیں اور اتنے چھوٹے ہوتے ہیں کہ پھیپھڑے کی گہرائی تک اتر کر اعضا کو متاثر کرتے ہیں۔