تہران :ایران کی طرف سے خلیجی پانیوں میں بحری اشتعال انگیزی کی سازشیں جاری ہیں۔ اسی ضمن میں ایران نے اپنا ایک بحری بیڑا اور جنگی بحری جہاز خلیج عدن روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایران کی طرف سے بحری اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیول فورس کے گروپ 45 کے زیر انتظام ’نقدی‘ بحری بیڑا اور ’تنب‘ نامی بحری جہاز خلیج عدن اور باب المندب روانہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایران کی طرف سے اپنے بحری بیڑے کو خلیج عدن ایک ایسے وقت میں متحرک کرنے کا اعلان کیا ہے جب دوسری جانب عالمی سمندر میں ایرانی اور امریکی بحری جنگی جہازوں کے درمیان کشیدگی کی خبریں بھی آ رہی ہیں۔ایرانی خبر رساں ایجنسی ’تسنیم‘ کے مطابق مال بردار ایرانی جہازوں کی سلامتی کے لیے ایران نے بحریہ کا ایک نیا دستہ باب المندب اور خلیج عدن روانہ کیا ہے۔
جب یہ اعلان سامنے آیا تو اس وقت ایرانی بحری جنگی جہاز اور بحری بیڑا سلطنت اومان کے پانیوں سے گذر رہا تھا۔ایرانی جنگی جہازوں کی طرف سے خلیج عدن کی طرف پیش قدمی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دوسری طرف فلوریڈا کے ساحل پر امریکی بحریہ تین مار چ سے فوجی مشقوں میں مصروف ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ان مشقوں کا مقصد خلیجی پانیوں میں ایرانی بحری جہازوں کی طرف سے لاحق خطرات کی روک تھام کرنا اور ایرانی خطرات سے نمٹنا ہے۔
خیال رہے کہ جب سے سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کے خلاف ’فیصلہ کن طوفان‘ آپریشن شروع ہوا ہے تب سے ایران نے خطے میں اپنی بحری اشتعال انگیزی میں اضافہ کردیا ہے۔
خلیجی پانیوں میں ایرانی بحریہ کی اشتعال انگیزیاں جاری
01:11 PM, 15 Mar, 2017