اسلام آباد : پاک فوج میں سی ون تھرٹی شامل ہونے کی تقریب چکلالہ ائیرپورٹ پر منعقد کی گئی،اس تقریب کے مہمان خصوصی پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان تھے، اس تقریب کی خاص بات 50ویں سی ون تھرٹی کی اوورہالنگ تھی جو ملکی سطح پر کی گئی ۔ پاک فضائیہ کا یہ تاریخی کارنامہ ائیروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں انجام پایا۔ اس موقع پر ائیر چیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ کہ پاک فضائیہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور طیاروں کی اوورہالنگ سے پاک فضائیہ کا خود انحصاری پروگرام کامیابی کی طرف گامزن ہے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ دوست ممالک کو بھی تکنیکی مدد فراہم کر رہی ہے اور ہم جدید دور کے تْقاضوں سے مکمل طور پر آگاہ ہیں،پاک فضائیہ کے تعلیمی ادارے بہترین پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ہمارے اہلکار بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں۔
یاد رہے سی ون تھرٹی چار انجنوں پر مشتمل کارگو طیارہ ہے جو کہ ہر طرح کے مشکل حالات میں اُڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے ،سی ون تھرٹی فوج کو حالت جنگ میں عین میدان جنگ میں جنگی سامان پہنچاتا ہے،اس کے علاوہ اگر سی ون تھرٹی کے تین انجن فیل ہوجائیں تو یہ ایک انجن پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔