شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کیس: عدالت کا ایس پی، اے ایس پی کو معطل کرنے کا حکم

03:35 PM, 15 Jun, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے  ڈاکٹر شہباز گل کےبھائی غلام شبیر کی بازیابی کیس کی گزشتہ سماعت  کا  تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔عدالت نے  آئی جی پنجاب کو ایس پی ماڈل ٹاون اخلاق اور اے ایس پی عبداللہ کو معطل کرنے کی ہدایت کر دی ۔

جسٹس امجد رفیق نے دوصفحات پرمشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ۔ عدالت نے  آئی جی پنجاب کو ایس پی ماڈل ٹاون اخلاق اور اے ایس پی عبداللہ کو معطل کرنے کی ہدایت کر دی ۔  عدالت نے حکم دیا کہ  آئی جی سینئیر پولیس افسر کو تعینات کرے  جومغوی کی بازیابی کی رپورٹ پیش کرے ۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے پر ایس پی نے عدالت سے غیرمشروط معافی مانگی اور  مغوی کی ہرصورت بازیابی کےلئے عدالت کویقین دہانی کرائی۔عدالت نےمغوی کی بازیابی کےلئے ایس پی کےبیان پراسے ایک اور موقع دے دیا ۔ 


آئی جی پنجاب مغوی کی برآمدگی کی کوشش اورنگرانی کےلئے سینئیرافسرتعینات کرے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ مغوی کی بازیابی کےلئے گھر سے فیصل آباد اور اسلام آباد  تک جدید آلات کااستعمال کرکے ڈھونڈا جائے۔ مغوی کوجیوفینسنگ،سی سی ٹی وی کیمروں،سیف سٹی،  اور دیگر ذرائع سے اگلی سماعت تک ٹریس کیاجائے۔مغوی کی بازیابی کےلئے میڈیا ذرائع کا بھی استعمال کیاجائے۔  

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اے ایس پی مغوی کی بازیابی کےلئے عدالت کو مطمئن نہ کرسکا۔ عدالتی حکم پرایس پی اخلاق نے پیش ہوکرعدالت کے سامنے سرد مہری کامظاہرہ کیا۔

ایس پی نے کہاکہ اگر درخواست گزار پولیس سے تعاون کرے تو مغوی کوبازیاب کرانے کی کوشش کی جائے گی۔پولیس افسروں کارویہ واضع طور پرعدالتی حکم عدولی ہے۔پولیس نے چار دنوں میں مغوی کی بازیابی کے لئے کوشش ہی نہیں کی۔

مزیدخبریں