لاہور : سینئر صحافی عمار مسعود نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کو وطن واپسی کے لیے 4 چیزوں کا انتظار ہے وہ ہوگئیں تو وہ فوراً وطن واپس آجائیں گے۔
سینئر صحافی نے "وی نیوز" پر شائع اپنے کالم میں لکھا ہے کہ پتہ چلا ہے کہ 4نکات ایسے ہیں جن کا انتظار نواز شریف کو ہے۔ ایک بات تو بہت واضح ہے کہ نواز شریف اداروں اور عوام سے اسی توقیر کے متقاضی ہیں جس کے وہ حقدار ہیں۔
عمار مسعود کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خیال میں ان کی شخصیت، خاندان، پارٹی اور کارکنوں کے خلاف جو گھناؤنے الزامات گزشتہ دور میں لگائے گئے وہ سب کے سب واپس ہونے چاہئیں۔ وہ 3 دفعہ اس ملک کے وزیر اعظم رہے اور ان کے خاندان نے ملکی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کیا اس کے بدلے میں وہ کسی عہدے کے نہیں بلکہ احترام کے متقاضی ہیں۔
دوسرا نواز شریف ان تمام بے بنیاد مقدمات کا خاتمہ چاہتے ہیں جن کی وجہ سے وہ خود، ان کی پارٹی اور ان کے کارکنوں کو عتاب سے گزارا گیا۔
سینئر صحافی نے مزید لکھا کہ تیسری ان کی خواہش ہے ان کا استقبال فقید المثال ہو۔ مسلم لیگ ن اور اس کی ذیلی جماعتوں نے مدتوں سے اس کی تیاری بھی کر رکھی ہے کہ جب نواز شریف اس دھرتی پر قدم رکھیں تو وہ تاریخ کے سب سے بڑے جلسے سے خطاب کریں۔
آخری بات جس کا نواز شریف کو انتظار ہے وہ چند معاہدے ہیں ۔ یہ معاہدے ملکی نہیں بین الاقوامی ہیں۔ نواز شریف کی یہ خواہش ہے کہ جب وہ واپس آئیں تو عوام کے لیے کوئی خوشخبری بھی ان کے ہمراہ ہو۔ عرب ممالک سے ان کے ذاتی تعلقات ہمشہ قابل رشک رہے ہیں، چین کی قیادت بھی انہیں احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ نواز شریف کی خواہش ہے کہ جب وہ پاکستان آئیں تو کوئی ایک ایسا معاہدہ ان کے ہمراہ ہو جس سے پاکستان کے دلدر دور ہو جائیں ۔