لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آئندہ ماہ ٹیسٹ سیریز متوقع , ٹیسٹ سیریز 16 جولائی بروز اتوار سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اس ٹیسٹ سیریز میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، یہ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس سیریز کے ٹیسٹ میچز کولمبو اور گال میں ہونے کا امکان ہے.
ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ متوقع سیریز کے شیڈول کا حتمی اعلان اگلے چند روز تک کرے گا، جس کے مطابق پہلا ٹیسٹ 16 سے 20 اور دوسرا ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی کو کھیلے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کے درمیان اس ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے بات چیت اسی سال کے شروع سے چل رہی تھیں، اسی دوران سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو ایشیا کپ سری لنکا میں کروانے کی تجویز دی تھی۔
یاد رہے اس ٹیسٹ سیریز کے متوقع ہونے کی خبریں ایشیا کپ پاکستان اور سری لنکا میں کھیلے جانے کے اعلان کے فورا بعد شر وع ہوئیں۔