لاہور : پاکستان جیت گیا ،بھارت ہار گیا۔ ایشین کرکٹ کونسل نے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کا ہائبرڈ ماڈل تسلیم کرلیا ہے۔
ٹورنامنٹ کا آغاز پاکستان میں چار میچوں کے ساتھ ہوگا۔ ایشیا کپ 2023 ٹورنامنٹ 31 اگست سے 17 ستمبر کے درمیان چئیر مین پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کی جانب سے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت منعقد ہوگا۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے پریس ریلیز میں کہا کہ ٹورنامنٹ کی میزبانی ہائبرڈ ماڈل میں کی جائے گی جس کے چار میچز پاکستان میں ہوں گے اور بقیہ نو میچ سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کا کانٹے دار مقابلہ بھی سری لنکا میں ہو گا۔ جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی 17 ستمبر کو سری لنکا میں ہی کھیلاجائے گا۔
ایشیا کپ 2023، 6 ٹیموں کے درمیان ہو گا جس میں بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ میں دو گروپ ہوں گے۔ بھارت کو لیگ مرحلے میں پاکستان اور نیپال کے ساتھ گروپ میں رکھا گیا جبکہ سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان دوسرے گروپ میں شامل ہیں۔
ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر رہی ہیں۔ سپر فور مرحلے کی دو ٹاپ ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
واضح رہےسری لنکا 2022 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے فائنل میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد ایشیا کپ کا دفاعی چیمپئن ہے۔