سمندری طوفان بپر جوائے بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرا گیا، پاکستان کو لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں: بھارتی محکمہ موسمیات 

12:54 PM, 15 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

گجرات : سمندری طوفان بپر جوائے بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرا گیا ہے۔ اونچی لہروں سے جاکھو بندر گاہ سے ٹکرائی ہیں۔ بارش بھی شروع ہوگئی ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان کو لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں۔ 

انڈین محکمہ موسمیات نے سوراشٹرا اور کچ کے اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ انڈیا کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بپر جوائے شدید نوعیت کا طوفان ہے اور اس کے باعث سڑکوں، ریلوے لائینوں، فصلوں اور مکانات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق سمندری طوفان بپر جوائے انڈین ریاست گجرات کے ضلع کچ میں جاکھو بندرگاہ کے قریب ٹکرایا۔ ریاست کے ساحلی اضلاع میں شدید بارش ہے اور ہوا کی رفتار 120-130 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 150 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

انڈین حکام کے مطابق تیز آندھی اور شدید بارش کے باعث بجلی اور مواصلات کے نظام میں بھی خلل پڑ سکتا ہے۔ ریاست گجرات کے کچ، دوارکا، جام نگر، پوربندر، راجکوٹ، موربی اور جوناگڑھ کے علاقوں میں موسلادھار بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔

انڈین وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ 24 گھنٹے صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے این ڈی آر ایف نے 12 ٹیمیں تعینات کی ہیں جبکہ 15 ٹیموں کو تیار رہنے کی ہدایات کی ہے۔

انڈین کوسٹ گارڈ اور بحریہ نے ریسکیو کے کاموں کے لیے بحری جہاز اور ہیلی کاپٹروں کو تعینات کر دیا ہے۔ آرمی ایئر فورس اور انجینئر ٹاسک فورس کے یونٹ کشتیوں اور ریسکیو آلات کے ساتھ الرٹ ہیں۔

ریاست گجرات کے مختلف اضلاع سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دوارکا گمٹی گھاٹ پر سمندر لی لہروں میں طغیانی دیکھنے میں آئی ہے۔

گجرات شہر میں تمام دکانیں اور کاروبار بند ہے اور حکام شہریوں کو گھروں میں محفوظ رہنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ریاست گجرات کے مختلف ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

مزیدخبریں