لاہور: گوگل نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے لی گزشتہ روز اپنا نیا ڈوڈل پیش کرتے ہوئے پاکستانی عوام کو ملک میں جاری سیاسی اور معاشی تناؤ کے درمیان آئندہ عام انتخابات کی تاریخ کی یاد دہانی کروا دی ۔
گوگل نےگزشتہ روز ایک نیا ڈوڈل شیئر کیا جس میں پاکستانی پرچم کے ساتھ ایک بیلٹ باکس دکھایا گیا ۔ جب کوئی صارف گوگل ڈوڈل پر کلک کرتا ہے تو ایک پیغام ظاہر ہوتا ہے جس میں لکھا ہوتا ہے "پاکستان کے قومی انتخابات 2023"۔
گوگل کے مطابق پاکستان میں قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے 60 دن کے بعد عام انتخابات ہوں گے جو کہ 13 اگست 2023 کو اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرنے کے بعد تحلیل ہونے والی ہے۔ اگر اسمبلی پہلے تحلیل ہو جائے تو ایسی صورت میں انتخابات آئین کے مطابق تحلیل ہونے کے بعد 90 دن کے اندر اندر منعقد کیے جانے چاہئیں۔ اس طرح پاکستان میں انتخابات 14 اکتوبر 2023 سے پہلے ہونے چاہئیں۔
ذرائع کے مطابق گوگل نے چند گھنٹے "پاکستان کے قومی انتخابات 2023" کا گوگل ڈوڈل رکھنے کے بعد یہ ڈوڈل ہٹا کر واپس اپنا گوگل ڈوڈل لگا لیا۔
واضح رہے پاکستان میں آخری عام انتخابات 2018 میں ہوئے تھے جب پاکستان تحریک انصاف کچھ اتحادی جماعتوں کی حمایت سے اقتدار میں آئی تھی۔ بعد ازاں پی ٹی آئی کے سربراہ کو اپریل 2022 میں اس وقت کے اپوزیش جماعتوں نےعدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ نے رواں سال کے آغاز میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کو تحلیل کر تے ہوئے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم موجودہ حکومت نے پی ٹی آئی کے سربراہ کی جانب سے ملک میں قبل از وقت انتخابات کے مطالبات کو مسترد کر دیا کیونکہ حکمران اتحاد کا موقف ہے کہ ملک میں حکومتی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں۔