کراچی مئیر انتخاب: آرٹس کونسل میں جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے اراکین پہنچنا شروع

10:37 AM, 15 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی: میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کے لیے آرٹس کونسل میں قائم پولنگ اسٹیشن میں اراکین کی آمد جاری ہے۔

میئر ڈپٹی میئر الیکشن  کا وقت جوں جوں قریب ہوتا جارہا ہے آرٹس کونسل کے باہر جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے ورکرز و سپورٹرز کی بڑی تعدا د جمع ہوتی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے جماعتِ اسلامی اور پیپلز پارٹی کے منتخب چیئرمین و سٹی کونسل اراکین آرٹس کونسل موجود ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بھی مئیر کے انتخاب میں ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے آرٹس کونسل پہنچ گئے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ صبح 9 بجے آرٹس کونسل میں قائم پولنگ اسٹیشن کے دروازے کھول دیے گئے، شناخت کے بعد ووٹر کو اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ سٹی کونسل اراکین صبح ساڑھے 10 بجے تک پولنگ ہال میں داخل ہو سکیں گے۔

کسی بھی شخص کو موبائل فون ساتھ لانے کی اجازت نہیں، 11 بجے میئر کے انتخاب کا عمل شروع ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کے انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن نے آرٹس کونسل  میں پولنگ کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ ہال میں جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی کےا میدوار کے نام بھی آویزاں کردیئے۔ جبکہ پولنگ اسٹیشن پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کر دیئے گئے۔ 

الیکشن کمیشن کے مطابق 11 بجے شو آف ہینڈز کے ذریعے انتخابی عمل کا آغاز ہو گا، 246 منتخب چیئرمینز اور 121مخصوص نشستوں پر منتخب افراد ووٹ ڈالیں گے۔

واضح رہےالیکشن کمیشن میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرچکا ہے جس کے مطابق میئر کراچی کے لیے 2 امیدوار مد مقابل ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیےکے مطابق  میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن امیدوار ہیں۔

مزیدخبریں