اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ارکان پارلیمنٹ کے 2021ءکے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں جن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے اثاثوں کی کل مالیت 10 کروڑ روپے جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان کے اثاثوں کی کل مالیت 14 کروڑ 21 لاکھ روپے ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 14 کروڑ 21 لاکھ روپے ہے۔ ان کے پاس زمان پارک اور میانوالی میں وراثتی گھر ہیں جبکہ ان کا بنی گالہ میں تحفے میں ملا 300 کنال کا گھر بھی ہے۔
عمران خان کے بنی گالہ والے گھر کی اضافی تعمیر پر 1 کروڑ 14 لاکھ روپے جبکہ زمان پارک والے گھر کی تعمیر پر 4 کروڑ 86 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔ ان کے پاس بھکر میں 3 وراثتی جائیدادیں بھی ہیں جبکہ گرینڈ حیات ٹاور میں انہوں نے 2 اپارٹمنٹس کیلئے 1 کروڑ 19 لاکھ روپے ایڈوانس دیا ہوا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی پاک پتن موضع مانیکا میں 52 کنال، موضع پیر غنی پاک پتن میں 379 کنال، اوکاڑہ میں 267 کنال اراضی ہے اور وہ بنی گالہ میں 3 کنال پر مشتمل گھر بھی ان کی ملکیت ہے۔
الیکشن کمیشن دستاویزات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے اثاثوں کی کل مالیت 10 کروڑ روپے ہے اور ان کے پاس لندن میں 1 کروڑ 37 لاکھ روپے مالیت کی پراپرٹی ہے۔ ان کا لندن میں بینک اکاﺅنٹ خالی ہے جبکہ پاکستان میں ان کے بینک اکاﺅنٹ میں 20 لاکھ روپے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیٹے سلمان شہباز سے 6 کروڑ 39 لاکھ روپے قرض بھی لے رکھا ہے جبکہ ان کی اہلیہ تہمینہ درانی کے اثاثوں کی مالیت 57 لاکھ روپے ہے اور اہلیہ نصرت شہباز کے اثاثوں کی مالیت 23 کروڑ روپے ہے۔
الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کے اثاثوں کی مالیت 1 ارب 60 کروڑ روپے ہے۔ وہ دبئی میں 2 جائیدادوں کے مالک ہیں، دبئی میں انہیں ایک بنگلہ تحفے میں ملا جبکہ دوسرا وراثتی ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان میں ان کی 19 جائیدادیں ہیں، ان کے پاس 6 کروڑ 68 لاکھ روپے نقدی ہے اور 7 بینک اکاؤنٹس ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کے پاس بیرون ملک 150 تولہ سونا اور 7 گھڑیاں ہیں جبکہ انہوں نے دبئی میں سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔
الیکشن کمیشن دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور آصف علی زرداری کے اثاثوں کی کل مالیت 71 کروڑ 42 روپے سے زائد ہے تاہم بیرون ملک ان کا کوئی کاروبار نہیں ہے۔