افسران پنجاب کے ضمنی انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں: چیف الیکشن کمشنر

03:36 PM, 15 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: چیف الیکشن کمیشنر سکندر سلطان راجہ نے پنجاب کے 20 حلقوں میں 17 جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں افسران کو قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ڈسٹرک ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور مانیٹرنگ افسران سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ہدایت کہ وہ 20 حلقوں میں انتخابات کو صاف شفاف اور غیرجانبدارانہ بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔
ان کا کہنا تھا ضمنی انتخابات کو صاف و شفاف اور غیر جانبدار بنانے کیلئے کسی قسم کا دباؤ خاطر میں نہ لایا جائے جبکہ الیکشن اور پولنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ٹیمیں صورت حال کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ الیکشن کمیشن بھجوائیں جبکہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز چوکنا رہیں اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیں۔

مزیدخبریں