لاہور: پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدرچوہدری عرفان الٰہی نے کہا ہے کہ 30 جون تک پٹرولیم مصنوعات پر کمیشن بڑھانے کا وعدہ پورا نہ کیا گیا تو پٹرول پمپ بند کر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عرفان الٰہی نے خواجہ عاطف، ملک جہانزیب و دیگر کے ساتھ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران یہ اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 6 ماہ قبل پٹرولیم مصنوعات پر کمیشن بڑھانے کا وعدہ پورا نہیں کیا لہٰذا اب انہیں 30جون کاوقت دیدیا ہے اور اگر پھر بھی عملدرآمد نہ ہوا تو اپنے پٹرول پمپ بند کر دیں گے۔
چوہدری عرفان الٰہی نے کہا کہ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے مالکا ن کی سرمایہ کاری میں کئی گنا اضافہ ہو چکا لیکن پٹرول پمپ مالکان کاکمیشن اب بھی6 روپے فی لٹرہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگی بجلی، لوڈشیدنگ، ملازمین کی تنخواہوں کی وجہ سے اخراجات کئی گنا بڑھ چکے، حکومت فی لٹرکمیشن6 فیصد کے بجائے 12 فیصد کرے ورنہ 30 جون سے ملک گیر ہڑتال ہو گی۔