’اسمبلی میں میری طرف سے جو کچھ ہوا، اچھا نہیں ہوا‘ علی نواز اعوان نے اپنی غلطی تسلیم کر لی

’اسمبلی میں میری طرف سے جو کچھ ہوا، اچھا نہیں ہوا‘ علی نواز اعوان نے اپنی غلطی تسلیم کر لی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی اور رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان نے قومی اسمبلی میں اپنے روئیے کی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمینٹ میں میری طرف سے جو کچھ ہوا، وہ اچھا نہیں ہوا۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غلط بات کسی کی بھی ہو وہ غلط ہی ہوتی ہے، اپوزیشن کی طرف سے دھکم پیل کی گئی اور ہمیں گالیاں دی گئیں لیکن میرے طرف سے جو کچھ ہوا، وہ اچھا نہیں ہوا اور میں اپنی غلطی تسلیم کرتا ہوں۔ 
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کے دوران علی نواز اعوان اور (ن) لیگی رہنما شیخ روحیل اصغر کے درمیان جھڑپ ہوئی اور گالم گلوچ بھی کی گئی۔ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر بجٹ کاپی بھی پھینکی گئی اور ایوان کا ماحول خراب ہونے پر سپیکر نے اجلاس 20 منٹ کیلئے ملتوی کر دیا۔ 
دوسری طرف اسمبلی میں شور شرابہ اور اراکین کے مابین ہاتھا پائی بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں جس پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سینیٹ سیکرٹریٹ سے رابطہ کرلیا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق ایوان میں حکومت اور اپوزیشن ارکان میں کشیدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے سینیٹ سیکرٹریٹ سے مدد مانگی گئی ہے جس پر اضافی سارجٹ ایٹ آرمز کی خدمات قومی اسمبلی کے سپرد کر دی گئی ہیں۔