لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی کوئی کمی نہیں، ڈوزز موجود ہیں، شہریوں کو معمولی تاخیر کے باعث گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا ویکسین ختم ہونے سے متعلق خبروں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویکسی نیشن کرانے والوں کی تعداد بہت بڑھ چکی ہے، اس وقت 25 ہزار ڈوز موجود ہیں، ایکسپو سنٹر میں روزانہ 11 ہزار ڈوز لگتی ہیں اور ہمارے پاس ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کا اصرار ہے کہ انہوں نے بیرون ملک جانا ہے اس لئے ایسٹرازینکا ویکسین لگائی جائے، ایسے افراد کیلئے کل سے ایسٹرازینکا لگانی شروع کر دی جائے گی۔ دوسری ڈوز لگوانے والوں کیلئے ویکسین موجود ہے، اس وقت 57 سے زائد موبائل ویکسی نیشن سنٹرز بھی فعال ہیں مگر ویکسین تاخیر سے پہنچے تو شور مچانا شروع کر دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں کل سے کورونا ویکسین ختم ہو چکی ہے جس کے باعث ویکسی نیشن کا عمل بھی دو روز سے معطل ہے۔ کورونا ویکسین ختم ہونے سے لاہور کے ایکسپو سینٹر کے باہر شہریوں کا رش ہے جس کی وجہ سے سیکیورٹی گارڈز دروازے سے ہی شہریوں کو واپس بھیج رہے ہیں۔
ویکسین کی قلت کی وجہ سے ویکسی نیشن سینٹرز پر ویکسین کی پہلی خوراک لگانے کا عمل رک گیا ہے جبکہ شہریوں کو بتایا جارہا ہے کہ نادرا کا ڈیٹا اپ ڈیٹ ہونے والا ہے جس کی وجہ سے سسٹم بند ہے لہٰذا 2 روز بعد ایکسپو سینٹرمیں ویکسین لگائی جائے گی۔ پنجاب کے دوسرے شہروں میں بھی ویکسین کا 3 روز کا سٹاک رہ گیا ہے اور محکمہ صحت پنجاب نے مزید ویکسی نیشن کی ڈیمانڈ کردی ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 59 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد مجموعی تعداد 21 ہزار 782 ہو گئی ہے جبکہ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 43 ہزار 27 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 838 نئے مریض سامنے آئے جبکہ پنجاب میں 3 لاکھ 44 ہزار 196، سندھ میں 3 لاکھ 28 ہزار 663، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 36 ہزار 205، بلوچستان میں 26 ہزار 275، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 727، اسلام آباد میں 82 ہزار 170 جبکہ آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 19 ہزار 791 مریض سامنے آ چکے ہیں۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 38 لاکھ 92 ہزار 289 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 39 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 80 ہزار 316 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 611 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔