کابل، افغانستان کے شہر جلال آباد میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 5 پولیو ورکرز کو قتل کردیا۔
افغان میڈیا کےمطابق صوبے ننگر ہار میں منگل کے روز مسلح افراد نے پولیو مہم میں شریک ورکرز پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 پولیو ورکرز جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔
صوبائی گورنر کے ترجمان نے حملے میں 5 پولیو ورکرز کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پولیو ورکرز پر جلال آباد کے ضلع خوگیانی اور سورخ روڈ پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں زخمی ہونے والے چار میں سے دو ورکرز کی حالت تشویشناک ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی ایجنسیز کو خطرات کے پیش نظر پولیو ورکرز کے لیے خصوصی سکیورٹی اقدامات کرنے کا کہا گیا تھا لیکن اس کے باوجود ان کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔
افغان میڈیا کا بتانا ہےکہ اب تک کسی گروپ کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 30 مارچ کو جلال آباد میں ہی خواتین پولیو ورکرز پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں تین خواتین ورکرز جاں بحق ہوئی تھیں۔