لاہور کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے بجٹ میں 28.3 ارب روپے کی خطیر رقم مختص  

11:11 AM, 15 Jun, 2021

لاہور: پنجاب کے آئندہ مالی سال 2021-22ء کے بجٹ میں لاہور کی مرکزی اور تجارتی اہمیت کے پیش نظر ترقیاتی منصوبوں کے لئے28.3 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی جا رہی ہے جس کے تحت شہر میں انفرا سٹرکچر کے میگا پروجیکٹس لگائیں جائیں گے۔

وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ لاہور میں اس وقت زیر تعمیر جاری اہم منصوبوں میں شاہ کام چوک ، گلاب دیوی ہسپتال انڈر پاس اور شیراں والا گیٹ اوورہیڈ شامل ہیں۔

لاہور شہر میں پانی کی شدید قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے Surface Water Treatment Plant لگایا جا رہا ہے جس کے لیے آئندہ مالی سال میں ایک ارب 50کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کئے جانے کی تجویز ہے۔

لاہور شہر میں آخری بڑا جنرل ہسپتال 1984میں تعمیر ہو، ہماری حکومت اس سال ایک ہزار بستروں پر مشتمل جدید ترین ہسپتا ل کی تعمیر کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔

ہم لاہور کو عالمی سطح کا جدید ترین شہر بنانے کاعزم رکھتے ہیں۔ لاہور کے مستقبل کی ضروریات کے مد نظر رکھتے ہوئے راوی اربن پروجیکٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ جیسے فقیدالمثال منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جن کی بدولت یہ تاریخی شہرآنے والے وقتوں میں اس خطے کا ترقی یافتہ ترین شہر بن جائے گا۔

یہ منصوبے نا صرف لاہور بلکہ پنجا ب میں ترقی اور خوشحالی کے سنہر ی دور کا سنگِ میل ہوں گے۔ایک اندازے کے مطابق صرف سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام سے6ہزار ارب معاشی سرگرمیاں اور ایک لاکھ سے زائد روزگارکے مواقع دستیاب ہوں گے۔

مزیدخبریں