پنجاب کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی توقع  

08:53 AM, 15 Jun, 2021

لاہور: صوبہ پنجاب کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ تاہم صوبہ سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں صبح اور رات کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، چند مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنےاور چند مقامات پر بارش جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تربت، پنجگور، چاغی، سبی اور کوہلو میں موسم شدید گرم رہے گا۔ ژوب، بارکھان اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔ شہید بینظیر آباد، میرپور خاص، تھرپارکر، خیر پور،سانگھڑ، دادو، جیکب آباد، پڈعیدن، موہنجو داڑو، روہڑی، سکھر اور لاڑکانہ میں شدید گرمی پڑے گی۔

کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں بوندا باندی کی توقع ہے جبکہ شام اور رات کے دوران سکھر ، لاڑکانہ، جیکب آباد، خیر پور میں آندھی کا امکان ہے۔

کشمور، گھو ٹکی اور دادو میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چل سکتی ہے۔ بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ منڈی بہاء الدین، لاہور، حافظ آباد، پوٹھوہار، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، میں بارش متوقع ہے۔

میانوالی، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد اور قصور میں میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔ دیر، سوات، کو ہستان، مانسہرہ ،ایبٹ آباد،بونیر میں بارش کا امکان جبکہ صوابی،مردان ، پشاور،کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش چند مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔

مزیدخبریں