کورونا پر کچھ چھپانا نہیں چاہتے، بتادیا ہے آئندہ دنوں میں کن حالات کا سامنا ہوگا، ڈاکٹر ظفر مرزا

11:57 AM, 15 Jun, 2020

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا کے معاملے پر ہم کچھ چھپانا نہیں چاہتے اور اعدادو شمار اس لیے بتائے تاکہ لوگوں کو پتا چلے کے آنے والے دنوں میں کن حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیراعظم ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اسد عمر نے جو اعداد و شمار پیش کیے ہیں یہ وہ نتیجہ ہے جو ہم ہر ہفتے باقاعدگی کے ساتھ مشترکہ تحقیق کرتے ہیں، ہم نے سوچا کہ اسے عوام کے سامنے لایا جائے کیونکہ ہم کچھ چھپانا نہیں چاہتے تاکہ لوگوں کو پتا چلے کے آنے والے دنوں میں کن حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے ایس او پیز بتائے گئے ہیں اور اس کا نہ صرف اطلاق ہوگا بلکہ انتظامی طور پر بھی اسے یقینی بنایا جائے گا۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن تو ہورہا تھا لیکن جیسا ہونا چاہیے تھا ویسا نہیں ہوا تو اس میں بھی تبدیلی کی گئی ہے لہٰذا پنجاب میں جو بہت زیادہ آبادی والے علاقے ہیں انہیں مکمل لاک ڈاؤن کریں گے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے کیسز کی تعداد کم ہوسکتی ہے لیکن آنے والے دنوں میں کسی شہر کے کورونا مریضوں کو اپنے شہر کے اسپتال میں بستر نہ ملے تو ضرورت پڑنے پر انہیں دوسرے شہروں کے اسپتالوں میں منتقل کرنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جون کے آخر تک آکسجینیڈ بیڈز کی سہولت فراہم کریں گے اور جولائی میں اس سے زیادہ ہی بنائیں گے۔

مزیدخبریں