سربراہ اومنی گروپ انور مجید کے ایک اور بیٹے سمیت مزید تین ملزم گرفتار

03:13 PM, 15 Jun, 2019

کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاؤنٹ کیس میں اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کے ایک اور بیٹے سمیت مزید تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔نیب نے کراچی میں کرتے ہوئے جعلی اکاؤنٹ کیس میں مزید تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن میں انور مجید کا بیٹا ذوالقرنین مجید، انور مجید کا قریبی عزیز خواجہ سلمان یونس اور اومنی گروپ کا پراجیکٹ ڈائریکٹر ملک عبدالوحید شامل ہیں۔ نیب نے جعلی اکاوئنٹس کیس میں گرفتار تینوں ملزمان کو احتساب عدالت کراچی میں پیش کر کے ریمانڈ کی درخواست کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزمان کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا۔

عدالت نے ملزموں کو 4 روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر کے چار روز کے اندر متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ ذوالقرنین مجید نے نیب پر تشدد کا الزام بھی لگایا جس پر عدالت نے نیب تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذوالقرنین مجید کا طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا۔

ملزمان سے نیب کی کمبائن انوسٹی گیشن ٹیم مشترکہ تحقیقات کریگی۔ گرفتار ملزمان کو راہداری ریمانڈ کے بعد اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور اومنی گروپ کے مالک انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید گرفتار ہیں جبکہ ایک بیٹے نمر مجید ضمانت پر ہیں۔

مزیدخبریں