فریال تالپور کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

09:51 AM, 15 Jun, 2019

اسلام آباد:جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔نیب نے گزشتہ روز رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کو اسلام آباد میں زرداری ہاؤس کے قریب ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا اور آج انہیں ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے دو روز قبل جعلی اکاؤنٹس کیس میں فریال تالپور کی گرفتاری کے وارنٹ پر دستخط کیے تھے جس کے بعد ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے۔

نیب نے فریال تالپور کو اپنے دفتر منتقل نہیں کیا اور انہیں اسلام آباد میں ہی واقع ان کی رہائش گاہ میں رکھا گیا ہے جسے نیب کی جانب سے سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فریال تالپور تاحکم ثانی اپنے گھر میں قید رہیں گی۔ ان کی عزت نفس کا پہلے بھی احترام رکھا گیا اور آئندہ بھی مکمل خیال رکھا جائے گا۔

نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو خط کے ذریعے فریال تالپور کی گرفتاری کے بارے میں آگاہ کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ رکن سندھ اسمبلی کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں