لاہور: عمران خان کے دوست زلفی بخاری نے کہا ہے کہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل نہیں تھا، عمران خان نے بھی کسی کو کوئی کال نہیں کی، جس طیارے پر عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب گئے وہ بھی ان کے بجائے عبدالعلیم خان کا تھا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ بلیک لسٹ کا کوئی قانون موجود نہیں، مجھے نہیں پتہ تھا کہ میرا نام بلیک لسٹ میں ہے۔
ایف آئی اے سے پوچھا جائے کہ انہوں نے میرا نام کیوں ڈالا، میری ذات پر گزشتہ تین روز سے تنقید کی جا رہی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
زلفی بخاری نے بتایا کہ ان کی 6 آف شور کمپنیاں تھیں جس کے حوالے سے نیب کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہے تاہم مجھ پر کرپشن کا الزام غلط ہے۔ میں نے نیب کے ساتھ ہر لحاظ سے تعاون کیا ہے۔
عمران خان کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں 2012ء سے عمران خان کو جانتا ہوں، وہ مجھے اپنے چھوٹے بھائیوں کی طرح سمجھتے ہیں، میں عمران خان کی شخصیت اور سوچ سے بے حد متاثر ہوں۔
ریحام خان کی کتاب پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ جھوٹ کا پلندہ اور پڑھنے کے قابل نہیں ہے، انھیں ہندوستانیوں کے سوائے کوئی سننے کیلئے تیار نہیں ہے، انہوں نے عمران خان کی سابقہ اہلیہ کی حیثیت سے جو عزت بنائی تھی، اب اسے بھی گنوا چکی ہیں۔