اوول: برطانیہ میں جاری چیمپئنز ٹرافی اختتامی مرحلے میں پہنچ گئی ، ایونٹ کا فائنل 18 جون کو اوول میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کو روایتی حریف اور دفاعی چیمئپن بھارت کا چیلنج درپیش ہو گا۔
ایونٹ کے سیمی فائنلز میں پاکستان نے ٹائٹل فیورٹ انگلینڈ جبکہ دفاعی چیمپئن بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ اب پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دوبارہ 18 جون کو میگا ایونٹ کے فائنل میں مد مقابل ہوں گی، اس سے قبل کھیلے گئے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی۔
بھارت کے ہاتھوں ابتدائی شکست کے بعد پاکستانی ٹیم نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی اور اب اس کے پاس فائنل جیت کر نہ صرف بھارت سے بدلہ چکانے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیت کر نئی تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع ہے، بھارتی ٹیم نے پورے ایونٹ میں اچھا کھیل پیش کیا اسلئے فائنل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔