راولپنڈی: کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ نے کینٹ کے علاقے ویسٹریج میں صفائی اور سیوریج کے ناقص نظام پر 5 فلور ملز کو نوٹسز جاری کئے ہیں جبکہ مشروبات کے معیار کو چیک کرنے کے لئے 17فیکٹریوں سے سیمپل حاصل کئے گئے ہیں۔
کینٹ بورڈ ترجمان کے مطابق آر سی بی کے شعبہ فوڈ نے چیف انسپکٹر وارث بھٹی کی نگرانی میں راولپنڈی کینٹ کے علاقے ویسٹریج میں صفائی اور سیوریج کے ناقص نظام پر 05فلور ملز کو نوٹسز جاری کئے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ صفائی اور سیوریج کے نظام کو فوری طور پر بہترین کیا جائے۔
آر سی بی انتظامیہ کی جانب سے کینٹ کی حدود میں قائم17مشروبات کی فیکٹریوں سے شربت و جوس کے سیمپل لے کر ٹیسٹ کے لئے لیبارٹری بھجوائے.
ترجمان کا کہنا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد مشروبات فیکٹریوں کے خلاف مذید کاروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ غیر معیاری یا ملاوٹ شدہ مشروبات فروخت کرنے والی فیکٹریوں کو سر بمہر کر دیا جائے گا۔