لاہور : لاہور کی مرکزی سڑک مال روڈ، اس سے منسلک سروس لینز، فٹ پاتھ اور مال روڈ کے دونوں اطراف میں موجود چوکوں کی مرمت و بحالی اور تزئین کی جائے گی،مال روڈ محض ایک سڑک نہیں بلکہ لاہور کی ثقافتی و تاریخی اہمیت میں ایک منفرد حیثیت کی بھی حامل ہے۔
مال روڈ کے درمیانی حصے میں موجود گنجان اشجار کے ساتھ گنجائش دیکھتے ہوئے پی ایچ اے مزید خوبصورت پورے لگائے گی اور مال روڈ پر موجود درختوں کی شاخوں کی کانٹ چھانٹ کرے گی،مال روڈ اور سروس لینز کی مرمت و بحالی کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن کام کرے گی۔ جبکہ کچھ حصے پر ایل ڈی اے کام کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے مال روڈ کی بہتری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، ڈی سی لاہور سمیر احمد، ڈی جی ایل ڈی اے زاہد زمان، ڈی جی پی ایچ اے میاں شکیل احمد، ایڈیشنل کمشنر عثمان خان خالد، ڈائریکٹر لیسکو اصغر رضا و دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دلکش لاہور پراجیکٹ کو دوبارہ شروع کیا جائے گا جس کے تحت لاہور کی اہم سڑکوں کے اردگرد موجود عمارات کی تزئین و آرائش بھی کی جاتی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مال روڈ پر موجود بجلی کی تاروں کو زیر زمین بچھانے کے لیے مستقبل میں ضرور منصوبہ بندی کی جائے گی۔ بالکل ابتدائی سطح پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ زیر زمین بچھانے کے اخراجات کا تخمینہ لیسکو سے لیا جائے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔