اسلام آباد: وزیراعظم کی جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد ان تقریر پر اپنے ردعمل کے طور پر دیئے گئے بیان میں عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے لکھی تقریر پڑھی جس کے مندرجات سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کے پاس منی ٹریل نہیں ہے۔ قطری شہزادے کے انکار کے بعد اب ان کے پاس دینے کو کچھ نہیں اس لئے تقریر میں نفرت انگیز زبان عدلیہ یا فوج کے لئے ہی استعمال کی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف فوج سے عداوت رکھتے ہیں اور لگتا ہے کہ تقریر میں ان کا اشارہ ان ہی کی طرف تھا کہ ان سب کے پیچھے وہ ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قومی اداروں پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ آرمی چیف اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ پر مریم نواز کے ٹوئٹ سب کو یاد ہیں جن میں انہوں نے کہا تھا کہ طوفان گزر گئے۔
واضح رہے آج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے تمام اثاثوں کی دستاویزات الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے پاس موجود ہیں لیکن آج میں نے ایک بار پھر یہ تمام دستاویزات جے آئی ٹی کے سامنے پیش کر دیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے بہت پہلے ہی کمیشن بنانے کا کہہ دیا تھا لیکن اگر سیاسی مخالفین سازشیں نہ کرتے تو آج یہ نوبت ہی نہ آتی کیونکہ ہمارے دامن پر نہ پہلے کرپشن کا ذرہ برابر داغ لگا اور نہ آئندہ آئے گا۔ مخالفین چاہے جتنے جتن کر لیں اور جتنی سازشیں کر لیں وہ ناکام اور نامراد رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا چند روز میں جے آئی ٹی کی رپورٹ بھی سامنے آ جائے گی لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہیئے کہ 20 کروڑ عوام کی عدالت اور جے آئی ٹی بھی لگنے والی ہے اور اس سے بھی بڑھ کر ایک عدالت خدائے بزرگ و برتر کی ہے جو ظاہر کو بھی جانتا ہے اور باطن کو بھی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں