دنیا بھر کے مسلمان سعودی عرب کا ساتھ دیں، عالمی سیمینار کا اعلامیہ

05:36 PM, 15 Jun, 2017

مکہ مکرمہ:عالم اسلام کے قائدین ، دانشوروں اور مسلم مسائل و احوال کے ماہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے مشن میں سعودی عرب کا ساتھ دیں۔انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب سے تعاون کریں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ مطالبہ مکہ مکرمہ میں ’رابطہ عالم اسلامی ‘کے زیر اہتمام عالمی سیمینار کے شرکا ءنے اختتامی اعلامیہ کے دوران کیا۔سیمینار کا عنوان تھا ’غیر مسلم ممالک میں مسلم اقلیتیں ، حقوق و فرائض‘ سیمینار میں 500اسلامی اداروں نے شرکت کی ۔شرکاءنے اسلامی امریکی سربراہ کانفرنس کے نتائج پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم اقلیتوں کے امور و مسائل اور ان کی ریاستوں کے ساتھ ان کے تعلقات کی نوعیت پر کوئی مداخلت نہ کرے۔

مسلم اقلیتوں کو اپنے حال و مستقبل کا فیصلہ اپنے قائدین پر چھوڑ دیا جائے۔شرکاءنے سفارش کی کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی پھیلانے والا افکار سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے ایک دوسرے سے تعاون کریں۔رابطہ عالم اسلامی ، مسلم اقلیتوں کیلئے آن لائن آگہی مہم کا اہتمام کریں۔ مغربی ممالک میں قائم اسلامی ادارے اسلامی اتحاد اور انسیت پر اثر انداز اختلافات اور تصورات سے پرہیز کریں۔

غیر مسلم ممالک میں مسلمانوں کے پرسنل لا کے احترام کا مطالبہ قانون کے دائرے میں کیا جائے۔ مذہبی شعائر کی اازادی پر توجہ مرکوز کی جائے۔حجاب، مساجد کی تعمیر اور اسلامی مدارس کے قیام کے حق کے لئے پرامن طریقے سے کام کیا جائے۔شرکاءنے رابطہ عالم اسلامی سے مسلم اقلیتوں کے ساتھ ربط و ضبط پیدا کرنےوالے عالمی مرکز کے قیام کا مطالبہ کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

مزیدخبریں