اسلام آباد: ہفت روزہ بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے سعودی عرب کے حالیہ مختصر دورے میں وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ان کی سعودی عرب کے فرماں رواں شاہ سلمان کے اور دیگر قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان نے حرم پاک کی حفاظت کی یقین دہانی کرائی ہے قطر میں پاکستانی فوجی دستے بھیجنے کے حوالے سے جو غیر ملکی میڈیا میں غلط چیزیں چلی تھیں ان کی دفتر خارجہ تردید کر چکا ہے۔ چینی جوڑے کی کوئٹہ میں ہلاکت کے حوالے سے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے چینی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات موجود ہیں اس حوالے سے جو بھی پیش رفت ہو گی چینی حکومت کو آگاہ کیا جائے گا۔
روسی صدر پیوٹن کی جانب سے پاک بھارت مذاکرات میں ثالثی کی پیش کش کو خوش آمدید کہتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے باعث خطے میں بنی ہوئی صورتحال کے پیش نظر روس اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کی جانب سے وارن کیا جا رہا ہے کہ اس صورتحال سے خطے میں امن و سلامتی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور شنگھائی تعاون تنظیم کے حالیہ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کی روسی صدر پیوٹن کے ساتھ ملاقات میں مختلف پہلوﺅں پر بات چیت ہوئی۔
چین کی پاک افغان کشیدگی کم کرنے کے سوال کے جواب میں نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مثالی تعلقات موجود ہیں اور بات چیت کی وجہ سے ہی ہارٹ آف ایشیا اور دیگر اقدامات کے ذریعے افغانستان میں قیام امن کے لئے کوششوں میں پاکستان کے ساتھ شریک عمل ہے اور پاکستان چین کی جانب سے کردار ادا کرنے کے بیان کو خوش آمدید کہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کیخلاف بیان دیتے ہیں وہ افغانستان میں جاری امن اور استحکام کی کوششوں کو ناکام بنانا چاہتے ہیں پاکستان افغانستان میں امن و سلامتی چاہتا ہے جو کہ پاکستان کے حق میں بھی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے فاٹا میں امریکی ڈرون حملے اوراس میں مارے جانے والے داعش کے سرکردہ رہنماﺅں کے بارے میں آنے والی خبروں پر تبصرے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پاک فوج کا بیان آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران بھارتی قابض فوجیوں نے کشمیر میں پچیس سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جس میں بچے بھی شامل ہیں اور دو سو سے زائد کو زخمی کیا ہے۔ جامعہ مسجد کو بند کیا گیا اور کشمیریوں کو نماز جمعہ سے روکا گیا ۔کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے حالیہ اجلاس میں آواز اٹھائی تھی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فائنل میں پہنچنے پر کشمیر میں خوشی منانے والوں کو بھارتی فوج نے سزا کے طور پر ان کی دکانوں کو لوٹا۔ انہوں نے بھارتی آرمی چیف اور بھارتی عسکریت پسند تنظیموں کے نمائندگان کی جانب سے کشمیریوں کیخلاف دیئے گئے بیانات کی مذمت کی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں