افغانستان: افغان فضائیہ کی کارروائی میں 43 طالبان جنگجو ہلاک

افغانستان: افغان فضائیہ کی کارروائی میں 43 طالبان جنگجو ہلاک

کابل: افغان میڈٰیا کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند میں گزشتہ رات کارروائی میں 43 طالبان جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں اور افغان فورسز کی اس فضائی کارروائی میں طالبانوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق اس کارروائی میں ہلاک ہونے والوں میں طالبان کے اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔

افغان وزارت داخلہ کے مطابق کارروائی میں طالبانوں کے زیر استعمال اسلحے کے ذخیرہ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے گزشتہ دنوں افغان دارالحکومت کابل میں غیر ملکی سفارتحانے کے قریب کار بم دھماکے کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد ملک بھر میں اٖفغان سیکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کر دیئے تھے۔

اس سے پہلے گزشتہ ماہ شمالی صوبے بلخ میں طالبان کے حملے میں 135 سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ افغانستان میں سیکیورٹی فورسز کو ایک اور مشکل سال کا سامنا کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے وائٹ ہاؤس سے درخواست کی تھی کہ طالبان کے خلاف جنگ میں آنے والے تعطل کو ختم کرنے کے لیے مزید ہزاروں امریکی فوجی افغانستان بھیجے جائیں۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں