اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ارکان پارلیمنٹ کے مالی اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف ایک ارب 62 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے ساتھ امیر ترین رکن پارلیمنٹ ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جاری تفصیلات کے مطابق عمران خان 1 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے ساتھ امیر ترین ارکان پارلیمنٹ میں شامل ہیں۔ وزیراعظم نے اثاثوں میں بیرون ملک کوئی جائیداد ظاہر نہیں کی۔
وزیراعظم نے رائے ونڈ کی جائیداد کی قمیت 40 لاکھ روپے اور اپر مال لاہور میں جائیداد کی قیمت 25 کروڑ روپے ظاہر کی ہے، وزیراعظم کے پاس 70 لاکھ روپے کا فرنیچر، 50 لاکھ روپے مالیت کے جانور اور پرندے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنی اہلیہ کلثوم نواز کے زیورات کی مالیت 15 لاکھ روپے ظاہر کی ہے، وزیراعظم تین گاڑیوں اور دو ٹریکٹرز کے مالک بھی ہیں۔ حسین نواز نے سال 2016 میں بھی وزیراعظم کو 23 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد رقم بیرون ملک سے بھجوائی۔
عمران خان نے بھی بیرون ملک کوئی اثاثہ ظاہر نہیں کیا۔ عمران خان نے بنی گالہ اراضی کو تحفہ ظاہر کرتے ہوئے اس کی موجودہ مالیت 75 کروڑ روپے ظاہر کی ہے۔ عمران خان نے خان ہاؤس میں دفتر کی مالیت 59 لاکھ روپے جبکہ بنی گالہ کے گرد باؤنڈری وال کی مالیت 69 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔ عمران خان نے وراثت میں ملنے والے زمان پارک گھر کی مالیت 29 کروڑ 60 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔ گوشواروں کے مطابق عمران خان نے 4 کروڑ 87 لاکھ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے ان کے پاس 6 لاکھ روپے کا فرنیچر اور 2 لاکھ روپے مالیت کی چار بکریاں بھی ہیں، عمران خان کے استعمال میں ذاتی کوئی گاڑی نہیں۔
حمزہ شہباز کے اثاثوں کی کل مالیت 35 کروڑ روپے سے زائد ہے اور شیخ رشید 4 کروڑ 75 لاکھ روپے، وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وراثت میں ملنے والی جائیداد کی مالیت ظاہر نہیں کی جبکہ مولانا فضل الرحمن 64 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر 1 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، کیپٹن صفدر نے اہلیہ مریم نواز کو 60 لاکھ روپے مالیت کی یو اے ای سے ملنے والی گاڑی بھی اثاثوں میں ظاہر کی ہے۔
کیپٹن صفدر نے مریم نواز کی جائیداد کی مزید تفصیلات کا ذکر نہیں کیا جبکہ انھوں نے سعودی عرب میں اپنی گاڑی کی فروخت کی قیمت 20 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو 19 کروڑ روپے، پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی 50 کروڑ روپے، جہانگیر ترین 78 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں تاہم جہانگیر خان ترین نے اپنے گوشوارے میں ہیلی کاپٹر یا جہاز کا ذکر نہیں کیا ان کے استعمال میں پانچ گاڑیاں ہیں۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ 3 کروڑ روپے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار 58 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، جس میں اسحاق ڈار نے 23 ہزار 825 روپے کااسلحہ بھی ظاہر کیا ہے تاہم انھوں نے بھی بیرون ملک کسی جائیداد کا ذکر نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹر اعتزاز احسن 10 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں