بھارت: جعلی عامل نے 2 لڑکیوں کو زبردستی بھینس کا فضلا کِھلا دیا

بھارت: جعلی عامل نے 2 لڑکیوں کو زبردستی بھینس کا فضلا کِھلا دیا

مہاراشٹر: بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں نام نہاد عامل نے ساتھیوں کی مدد سے مرگی کی مریضہ جبکہ پیٹ درد میں مبتلا گریجویشن کی طالبہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر دونوں کو بھینس کا فضلہ کھلا دیا۔ واقعے کے بعد خواتین کی حالت غیر ہوئی تو معاملہ پولیس کے نوٹس میں آ گیا جس نے لڑکی کے والد اور عامل سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔

ہولناک واقعہ ضلع لاتر کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں بی اے کی ایک طالبہ کو پیٹ کے درد کی شکایت تھی لیکن عقل و شعور سے عاری اس کے گھر والوں نے ڈاکٹر سے علاج کے بجائے کالا جادو کرنے والے ہندو عامل کو بلا لیا۔

اس گھناؤنی حرکت میں لڑکی کے گھر والوں نے عامل کا بھرپور ساتھ دیا۔ اس لڑکی کے ساتھ ہی گاؤں کی ایک اور خاتون جو مرگی کے مرض میں مبتلا تھی اس کے ساتھ بھی یہی انسانیت سوز سلوک کیا گیا تھا۔

ان دونوں خواتین کو پہلے خوب مارا پیٹا گیا اور پھر ہاتھ پاؤں باندھ کر زبردستی ان کے ساتھ یہ حیوانی سلوک کیا گیا۔ متاثرہ طالبہ یا کسی اور شخص نے پولیس کے پاس واقعہ کی شکایت درج نہ کرائی تاہم ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں