آئندہ حکومت ہماری ہے، پھر آپ کو جواب دینا پڑے گا: چیئرمین پی ٹی آئی سانحہ 9 مئی جے آئی ٹی میں پیش، ارکان کو دھمکی

04:09 PM, 15 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور : 9 مئی واقعات سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش ہونے کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ۔ عمران خان نے جے آئی ٹی ارکان کو دھمکی دی ہے کہ میں وزیر اعظم بنوں گا تو آپ کو ان کارروائیوں کا جواب دینا ہوگا۔ 

انگزیزی اخبار "ڈان" میں شائع سینئر صحافی آصف چودھری کی رپورٹ کے مطابق جے آئی ٹی ارکان نے پی ٹی آئی چیئرمین سے 50 منٹ تک تفتیش کی اور 35 سوالات پوچھے۔ 

جے آئی ٹی نے سوال کیا کہ 9 مئی کو پورے ملک میں جو ہوا پلاننگ تھی یا اتفاق؟ چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ پلاننگ کہیں اور سے ہوئی اس سے میرا کوئی تعلق نہیں۔

جے آئی ٹی نے سوال کیا کہ آپ کے لوگ کنٹونمنٹ میں کیوں گئے تھے؟سابق وزیر اعظم نے جواب دیا کہ جب کمانڈر مجھے گرفتار کرے گا تو لوگوں نے وہیں جانا تھا۔

جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے سوال کیا کہ ثبوت ہیں کہ آپ نے انہیں مشتعل کیا اور احکامات دیے۔انہوں نے کہا کہ سب لوگ اپنی مرضی سے ان مقامات پر گئے، اس دن جو ہوا سب ایک سازش تھی۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مختلف ویڈیوز اور تصاویر بھی دکھائیں جس کو انہوں نے ماننے سے ہی انکار کر دیا اور کہا یہ میرے لوگ نہیں۔ 

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں واپس آؤں گا اور آپ کو اپنی ان تمام کارروائیوں کا جواب دینا ہو گا۔  جے آئی ٹی کے ارکان کو (متنبہ کرنے والے لہجے میں) کہا کہ ان کی جماعت آنے والے انتخابات میں اقتدار میں آجائے گی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان ممکنہ طور پر جے آئی ٹی کے افسران کو دہشت گردی کے مقدمات میں ان سے اور ان کی پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان سے پوچھ گچھ یا تفتیش کے دوران غیرجانبدار یا محتاط رہنے کے لیے متنبہ کرنا چاہتے تھے

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے بتایا کہ پی  ٹی آئی کا کنٹونمنٹ کے علاقوں میں محض پُرامن احتجاج کرنے کا منصوبہ تھا۔ پی ڈی ایم حکومت نے 9 مئی کو صرف پی ٹی آئی کو بدنام کرنے، ان کی جماعت کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف طاقت کا استعمال کرنے کے لیے سارے معاملے کو بگاڑا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے لیے یہ سوال سب سے زیادہ الجھن کا سبب بنا کہ جب پی ٹی آئی کارکنان نے ملک بھر میں فوجی تنصیبات پر حملے کیے تو وقت، اہداف اور طریقہ کار ایک جیسا کیوں تھا؟عمران خان نے اپنا مؤقف دہرایا کہ یہ سب کچھ ریاستی مشینری نے مجھے اور میری پارٹی کے لوگوں کو بدنام کرنے کے لیے کیا۔

مزیدخبریں