تمام اہم سیاسی فیصلوں پر آپ کو اعتماد میں لیکر چلیں گے: نواز شریف کی فضل الرحمان کو یقین دہانی

 تمام اہم سیاسی فیصلوں پر آپ کو اعتماد میں لیکر چلیں گے: نواز شریف کی فضل الرحمان کو یقین دہانی
سورس: File

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان  کو یقین دہانی کرائی کہ تمام اہم سیاسی فیصلوں پر آپ کو اعتماد میں لیکر چلیں گے۔

 
مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق نوازشریف نے سربراہ حکومتی اتحاد کو سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی بھی وضاحت کر دی ہے، قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ دبئی میں آصف زرداری سے ہونے والی  ملاقات معمول کی ملاقات تھی جس میں ملکی مسائل اور سیاسی امور پر مشاورت ہوئی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مولانا فضل الرحمان سے بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور نگران سیٹ اپ پر تبادلہ خیال کیا۔

مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ابھی بھی پی ڈی ایم کا حصہ ہیں، نگران سیٹ سمیت تمام امور پر مشاورت ہوگی جبکہ مولانا فضل الرحمان نے عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے نوازشریف کو اپنے مؤقف سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں اہم فیصلوں سے متعلق مسلسل مشاورت کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

مسلم لیگ ن کےذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے رابطے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کو جلد تمام اتحادی سربراہان کا اجلاس بلانے کی ہدایت کر دی ہے۔

مصنف کے بارے میں