جدہ : امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل اور فسلطین کے دورے کے بعد سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ پر گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل اور امریکا میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے امریکی صدر کا استقبال کیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا مشرق وسطیٰ کا پہلا دورہ ہے اور سعودی عرب پہنچنے سے قبل انہوں نے اسرائیلی اور فلسطینی قیادت سے ملاقات کی۔
امریکی صدر اسرائیلی شہر تل ابیب سے براہ راست جدہ پہنچے وہ پہلے امریکی صدر ہیں جو اسرائیل سے براہ راست ایسے عرب ملک پہنچے ہیں جو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔
امریکی صدر جدہ میں سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس کے علاوہ بائیڈن جدہ سکیورٹی اینڈ ڈویلپمنٹ سمٹ میں بھی شرکت کریں گے جس میں بحرین، کویت، عمان، قطر اور متحدہ عرب امارات کے سربراہان شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی صدر سعودی حکام سے تیل کی پیداوار بڑھانے کا مطالبہ کریں گے تاکہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں کم ہوں اور امریکا میں مہنگائی میں کمی آئے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی صدر سعودی حکام پر زور دیں گے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کریں۔