لاہور: وزیر داخلہ پنجاب عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پوراورمقبول گجر نے تشدد کے ذریعے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ بنا جس پر ان کے پنجاب میں داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کی زیر صدارت امن و امان اور ضمنی الیکشن کے دوران سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ رکھنا اور اس کی نمائش پر دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا جا چکا ہے۔ اسلحہ سے پاک کمپین کے دوران پولیس نے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دھاندلی کا الزام لگانے والے اب افسران کو دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں۔تحریک انصاف یقینی شکست دیکھ کر لوگوں کو بدامنی پر اکسا رہی ہے۔ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے علی امین گنڈا پور اور مقبول گجر کے پنجاب داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی اطلاعات تھیں اور الیکشن کمیشن کی طرف سے بھی خط موصول ہوا ہے کہ علی امین گنڈا پوراورمقبول گجر پنجاب میں پرتشدد کاروائیاں کرنا چاہتے ہیں۔ ۔ پنجاب میں پرامن،صاف اورشفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا۔اسلحہ کے خلاف مکمل کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بد امنی پھیلانے والےعناصر سے قانون آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا۔تحریک انصاف کے مسلح جتھے اپنی سازش میں ناکام ہوں گے۔ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیےعلی امین گنڈاپوراورمقبول گجرکے پنجاب داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔