اسلام آباد: ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 177 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور پل ٹوٹنے کے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ کے قریب موسلادھاربارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے قومی شاہراہ بلاک ہوگئی جبکہ برساتی ریلے سے مچھ ندی پر بنا پل ٹوٹ گیا جس سے شہرکا زمینی رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا۔
کوہ سلیمان میں بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سیاح فورٹ منرو کے اطراف میں پھنس گئے ہیں جبکہ طوفانی بارشوں کے باعث ہرنائی،کوئٹہ اور پنجاب شاہراہ بھی کئی مقامات پر زیرآب آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہرنائی، کوئٹہ اور پنجاب شاہراہ پر پانی کھڑا ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی ہے اور اس کے علاوہ دریائے ناڑی کا پانی اوور فلو ہونے سے آبادی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے جبکہ 14جون سے ملک میں جاری بارشوں سے اموات کی تعداد 177 ہو گئی ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بلوچستان میں بارش اور سیلاب سے اب تک 64 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 670 مکانات منہدم اور 48 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب لاہو کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے اور محکمہ موسمیات نے آج ہلکی جبکہ کل اور پرسوں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ کراچی میں کل اور پرسوں کہیں 80 سے 90 تو کہیں 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ٹھٹھہ، بدین، مٹھی، تھرپارکر، عمر کوٹ اور اسلام کوٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔