کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے آج ہلکی جبکہ کل اور پرسوں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل اور پرسوں کہیں 80 سے 90 تو کہیں 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش کا امکان ہے جس کے باعث شہری ایک بار پھر پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے ٹھٹھہ، بدین، مٹھی، تھرپارکر، عمر کوٹ اور اسلام کوٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب سکھر اور گردونواح میں تیز بارش سے 132 فیڈر ٹرپ کر گئے جبکہ خیرپور میں بارش کی وجہ سے گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوئی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ حب ڈیم کے گرد مقیم آبادی محفوظ مقام پر منتقل کی جائے جبکہ بلوچستان اور سندھ کے ماہی گیر سمندر میں جانے سے گریز کریں۔