بیروت: لبنانی وزیراعظم سعد الحریری نے حکومت بنانے میں ناکامی پر استعفیٰ دے دیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق لبنانی وزیراعظم سعد الحریری نے صدر مائیکل اون سے طویل مشاورت کے بعد مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیا اور وہ گزشتہ 8 ماہ سے حکومت بنانے میں ناکام رہے تھے۔
لبنانی وزیراعظم سعد الحریری نے گزشتہ روز 24 وزرا پر مبنی کابینہ بنانے کا اعلان کیا تھا جس میں صدر مائیکل اون کی پارٹی کو وزارت خارجہ اور وزارت دفاع سمیت 8 وزارتیں دی گئی تھیں لیکن اس کے باوجود انہیں اپنی کابینہ بنانے میں مشکلات کا سامنا تھا۔
یاد رہے لبنان میں 2019 سے معاشی بحران کا سامنا ہے جس کے باعث ملک گیر احتجاج بھی کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں لبنانی وزیراعظم سعد الحریری اکتوبر 2019 میں مستعفیٰ ہوگئے تھے تاہم گزشتہ سال ہی لبنانی صدر نے انہیں دوبارہ وزیراعظم بنایا اور ملکی مفاد کی خاطر ساتھ چلنے کی پیشکش کی تاہم اس بار وہ حکومت بنانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
لبنانی وزیراعظم نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں حکومت بنانے سے پیچھے ہٹ رہا ہوں کیوں کہ صدر اون آئین میں کچھ ترامیم کرنا چاہتے ہیں لیکن میں نے ان سے کہا کہ اس بار ہمارے درمیان اتفاق نہیں ہوسکے گا، اللہ ہی اس ملک کی حفاظت فرمائے۔
واضح رہے گزشتہ سال سعد الحریری کو دوبارہ وزیراعظم بنانے کے بعد سے ہی لبنان کی سیاست میں ہلچل پائی جاتی ہے جب کہ یورپی یونین نے سیاسی ڈیڈلاک برقرار رہنے کی صورت میں لبنان پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکیاں بھی دے رکھی ہیں۔