کراچی میں کورونا کی بھارتی قسم نے تباہی مچادی 

10:05 PM, 15 Jul, 2021

کراچی : کراچی میں کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے مزید 65 کیسز کی تشخیص ہوگئی ہے جس کے بعد شہر میں وائرس کی اس قسم کے شکار افراد کی تعداد 100 ہو گئی ہے۔

جامعہ کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف ویرولوجی (این آئی وی) نے 12 اور 13 جولائی کو حکومت سندھ کے محکمہ صحت کی جانب سے بھیجے گئے 2 ہزار 62 نمونوں کے ٹیسٹ کیے جن میں سے 163 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے اور ان مثبت کیسز میں سے منتخب کیے گئے 95 نتائج میں سے 69فیصد یعنی 65 کیسز وائرس کی قسم ڈیلٹا کے تھے۔

 جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اقبال  چودھری نے بتایا کہ وائرس کی قسم ڈیلٹا کے 65 کیسز کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ میں پائے جانے والے وائرس بیٹا کے بھی دو کیسز منظر عام پر آئے ہیں دو کیسز وائلڈ قسم کے ہیں جبکہ 25 کیسز نامعلوم قسم کے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ 25 کیسز بھی ڈیلٹا پلس قسم یا کسی نئی طرز کے ہو سکتے ہیں ۔ صوبہ سندھ میں وائرس کی قسم ڈیلٹا کی پہلے ہی تصدیق ہو چکی ہے اور حال ہی میں ان کیسز کے تیزی سے مقامی سطح پر پھیلاؤ دیکھا گیا ہے۔

ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ پچھلے تجزیے میں 25 جون سے 9 جولائی کے درمیان جمع کیے گئے نمونوں میں سے 15 فیصد ڈیلٹا کے تھے اور اس قسم کے مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ویرولوجی میں محققین شہر میں وائرس کی اس قسم کے پھیلاؤ کی مستقل نگرانی کررہے ہیں جہاں اس طرز کا پھیلاؤ انتہائی تشویش ناک ہے۔

  

اس سے قبل صوبائی محکمہ صحت نے کراچی میں وائرس کی قسم ڈیلٹا کے 35 کیسز کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔ اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ جن لوگوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی ان میں سنگین اور شدید علامات پائی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت سندھ نے بدھ سے صوبے بھر میں کورونا وائرس کی پابندیوں کا دوبارہ سے اطلاق کردیا ہے اور مثبت کیسز کی شرح 17.11 فیصد ریکارڈ کیے جانے کے بعد اسکول بند اور ریسٹورنٹ کے اندر کھانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

مزیدخبریں